نئی دہلی20دسمبر(آئی این ایس انڈیا) دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال نے کہا ہے کہ اومیکرون کے حوالے سے دہلی میں ڈی ڈی ایم اے کی میٹنگ ہوئی ہے۔ اومیکرون کی علامات بہت ہلکی ہیں اورموت کے امکانات کم ہیں۔ دہلی والوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ہم اومیکرون سے لڑنے کے لیے تیارہیں۔ مرکزی حکومت بوسٹر ڈوز دینے کی اجازت دے۔ ہسپتال، آکسیجن اور ادویات کاانتظام کیا گیا ہے۔ ہوم آئسولیشن کی سب سے زیادہ ضرورت ہوگی۔ 23 دسمبر کو ہوم آئسولیشن مینجمنٹ پر اہم اجلاس ہوگا۔ کل 100 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ اب دہلی آنے والے تمام کورونا کیسز کی جینوم سیکوینسنگ ہوگی اور اومیکرون کی جانچ ہوگی۔اگر کوئی نیا کورونا وائرس پھیلتا ہے تو ہمارے پاس ہسپتالوں میں مناسب انتظامات ہیں۔اروندکجریوال نے بتایاہے کہ کابینہ میں ایک اور فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا کی مدت کے بعد سے جو مفت راشن دیا جا رہا تھا اس کی مدت 6 ماہ کے لیے بڑھا کر 31 مئی تک کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاہے کہ آج کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ ہم ٹیچرزیونیورسٹی بنانے جارہے ہیں، اس کی کابینہ سے منظوری مل گئی ہے، اسے آئندہ اسمبلی اجلاس میں لایا جائے گا۔ اس کے ذریعے نئی نسل کے اساتذہ تیار ہوں گے۔ اس کا داخلہ 2022-23 سیشن میں شروع ہوگا۔ اس کے لیے ہم قومی بین الاقوامی تعاون کریں گے۔